سیاست
برطانیہ کا پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے 1.33 ملین پاؤنڈ امداد کا اعلان

برطانیہ نے پاکستان میں حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی اور امداد کے لیے 1.33 ملین پاؤنڈ (تقریباً 60 کروڑ روپے) کی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ اس امداد سے پنجاب، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے سات اضلاع میں 2 لاکھ 23 ہزار سے زائد متاثرین کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میرجوٹ کے مطابق اس امداد میں خشک راشن کی تقسیم، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز، موبائل میڈیکل کیمپس، پینے کے پانی اور نہری نظام کی بحالی، اور کھیتی باڑی کے لیے معاونت شامل ہے۔ اب تک 2,400 مقامی رضاکاروں کو ریسکیو کی تربیت دی جا چکی ہے جبکہ متعدد متاثرہ علاقوں میں موبائل ہیلتھ کیمپس قائم کیے گئے ہیں۔
مزید برآں، متاثرہ خاندانوں کو خیمے، گھریلو سامان اور خواتین کے لیے ڈگنٹی کٹس بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ اقوام متحدہ کا انسانی ہمدردی کا ادارہ برطانیہ اور مقامی تنظیموں کے ساتھ مل کر امداد کی بروقت ترسیل کو یقینی بنا رہا ہے۔ سندھ میں بھی برطانیہ کے تعاون سے ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروگرام شروع کیا گیا ہے تاکہ مستقبل میں کسی بھی قدرتی آفت کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔