سیاست
پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدے پر پیش رفت، اگلے ہفتے تک تکمیل متوقع
پاکستان اور امریکا کے درمیان جاری تجارتی مذاکرات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے مطابق آئندہ ہفتے باہمی تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دیے جانے کا امکان ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لُٹنِک کے درمیان ورچوئل ملاقات ہوئی جس میں باہمی ٹیرفس اور معاشی شراکت داری پر بات چیت کی گئی۔
اجلاس میں دونوں ممالک نے مذاکرات کے موجودہ مرحلے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ ہفتے معاہدے کی تکمیل کا عزم ظاہر کیا۔ مذاکرات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ معاہدے کے بعد ایک جامع اسٹریٹیجک اور سرمایہ کاری پر مبنی شراکت داری تشکیل دی جائے گی، جو دونوں ممالک کے مفادات کا احاطہ کرے گی۔
وزارت خزانہ کے مطابق مذاکرات کا محور باہمی تجارت، سرمایہ کاری، اور معاشی روابط کو مزید مضبوط بنانا تھا۔ آئندہ ہفتے تکنیکی سطح کے مذاکرات مکمل ہونے کا امکان ہے، جس کے بعد معاہدہ باضابطہ طور پر طے پا سکتا ہے۔