تجارت
پاکستان نے پہلا قومی بٹ کوائن ذخیرہ قائم کر لیا، ڈیجیٹل اثاثہ اتھارٹی کا قیام بھی عمل میں آ گیا
بٹ کوائن ویگاس 2025 کانفرنس میں وزیر اعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی برائے کرپٹو، بلال بن صاقب نے اعلان کیا کہ پاکستان نے پہلا قومی بٹ کوائن ذخیرہ قائم کر دیا ہے اور پاکستان ڈیجیٹل اثاثہ اتھارٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔
بلال بن صاقب نے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی نوجوان نسل آن لائن اور بلاک چین سے جڑی ہوئی ہے، اور 40 ملین سے زائد کرپٹو والٹس اس بات کی دلیل ہیں کہ پاکستان کا مستقبل ڈیجیٹل ہے۔
حکومت نے نیشنل بٹ کوائن والٹ متعارف کروایا ہے اور 2000 میگاواٹ بجلی کرپٹو مائننگ اور AI ڈیٹا سینٹرز کے لیے مختص کر دی ہے تاکہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو راغب کیا جا سکے۔
سب سے اہم اعلان پاکستان ڈیجیٹل اثاثہ اتھارٹی کا قیام تھا، جو ملک کے غیر رسمی $25 بلین مالیت کے کرپٹو مارکیٹ کو ریگولیٹ کرے گی۔ یہ اتھارٹی کرپٹو ایکسچینجز، والٹس، اسٹیبل کوائنز، اور ایپلی کیشنز کی نگرانی کرے گی اور قومی اثاثوں اور قرضوں کی ٹوکنائزیشن کو فروغ دے گی۔
تقریب میں امریکہ کے نائب صدر ، اور ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے ایرک ٹرمپ اور ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر نے بھی شرکت کی۔
بلال بن صاقب نے کہا، ’’یہ صرف ترقی نہیں بلکہ ایک ڈیجیٹل انقلاب ہے۔ دنیا کو اب پاکستان کی جانب متوجہ ہونا چاہیے۔‘‘