سیاست
سینیٹر فاطمہ پیمان کا پارلیمنٹ میں ہراسانی کا انکشاف، ساتھی سینیٹر کے خلاف شکایت درج
آسٹریلیا کی پہلی حجاب پہننے والی سینیٹر فاطمہ پیمان نے ایک سرکاری تقریب میں ساتھی سینیٹر کی جانب سے کیے گئے نامناسب تبصرے پر باضابطہ شکایت درج کرا دی ہے۔
آسٹریلوی نشریاتی ادارے اے بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے فاطمہ پیمان نے انکشاف کیا کہ ایک معمر مرد ساتھی، جو اس تقریب میں نشے کی حالت میں تھا، نے ان سے کہا: “چلو کچھ وائن پلاتے ہیں اور تمہیں میز پر ناچتے دیکھتے ہیں۔”
فاطمہ پیمان، جو ایک باعمل مسلمان ہیں اور شراب سے پرہیز کرتی ہیں، نے فوری طور پر اس رویے کی مذمت کی اور باضابطہ شکایت درج کرادی۔ معاملہ اب پارلیمانی نگرانی کمیٹی کو بھیج دیا گیا ہے۔
فاطمہ پیمان کا یہ قدم اس وقت آیا ہے جب آسٹریلیا کی پارلیمنٹ پہلے ہی 2021 کے بریٹنی ہیگنز اسکینڈل کے بعد تنقید کی زد میں ہے۔ سینیٹر پیمان کی جرات مندانہ کارروائی سے توقع کی جا رہی ہے کہ پارلیمانی ثقافت میں اصلاحات کے مطالبات کو مزید تقویت ملے گی۔