سیاست
کیا بھارت کی عالمی اہمیت ختم ہو رہی ہے؟ امریکا نے پاکستان کو ترجیح دینا شروع کر دی
پاکستان کی متوازن خارجہ پالیسی اور مؤثر ملٹری ڈپلومیسی عالمی سطح پر کامیابیاں سمیٹ رہی ہے۔ بین الاقوامی جریدے دی ڈپلومیٹ نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ امریکا کی ترجیحات میں نمایاں تبدیلی آئی ہے اور اب پاکستان کو بھارت پر فوقیت دی جا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا، جنوبی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ میں پاکستان کو ایک اہم اسٹریٹجک پارٹنر کے طور پر دیکھ رہا ہے۔ حالیہ پاک بھارت تنازع کے بعد امریکا کو عسکری توازن کا اندازہ بدلنا پڑا ہے۔
دی ڈپلومیٹ نے یہ بھی لکھا کہ بھارت نیٹ سکیورٹی پرووائیڈر کا کردار ادا کرنے میں ناکام رہا ہے، جبکہ امریکا کے ساتھ اس کے تعلقات میں مستقل بے یقینی اور کشیدگی بڑھ رہی ہے۔ دوسری جانب پاکستان نے ہمیشہ امن کی پیش کش کی لیکن بھارت نے اس کا جواب کشیدگی اور مداخلت سے دیا، خاص طور پر بلوچستان میں۔
مئی 2025 کے پاک بھارت تنازع میں ایٹمی تصادم کے خدشات بڑھ گئے تھے مگر امریکا نے جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا۔ یہ صورتحال اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان کی پالیسی اور عسکری صلاحیتوں نے عالمی سطح پر اعتماد حاصل کیا ہے۔