سیاست
پی آئی اے کو قبرستان کس نے بنایا؟ خواجہ آصف کا عمران خان اور غلام سرور پر سنگین الزام
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بانی تحریک انصاف عمران خان اور ان کی کابینہ کے وزیر غلام سرور نے جان بوجھ کر پی آئی اے کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا، جس سے ریاستی نقصان کے ساتھ قومی وقار بھی مجروح ہوا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی ایئر سیفٹی لسٹ سے پاکستان کا نام نکل جانا ایک تاریخی سنگ میل ہے، جو وزیراعظم شہباز شریف اور سول ایوی ایشن کے اداروں کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ 2020 میں غلام سرور خان کے ایک غیرذمہ دارانہ بیان کی وجہ سے قومی ایئرلائن پر یورپی اور برطانوی پابندیاں لگیں، جس سے اربوں روپے کا نقصان ہوا اور تارکین وطن کو تکلیف اٹھانا پڑی۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کی ناقص پالیسیوں سے پی آئی اے ایک متروک ایئرلائن بن گئی۔ تاہم اب حکومت نے ایوی ایشن کی بہتری کے بعد نجکاری کی راہ ہموار کر لی ہے، اور عالمی ریگولیٹرز کی رہنمائی میں پاکستان نے بین الاقوامی معیار حاصل کر لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کے لیے بھی پروازوں کی بحالی کا کام جاری ہے، اور اگلے مرحلے میں نئے طیاروں کی شمولیت اور نجی شعبے کی مدد سے پی آئی اے کو ایک بار پھر عالمی سطح پر بحال کیا جائے گا۔