کھیل

پاکستان ہاکی ٹیم کا 400 روپے یومیہ الاؤنس پر احتجاج

Published

on

پاکستان ہاکی ٹیم نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے صرف 400 روپے یومیہ الاؤنس کی پیشکش کو ناکافی قرار دیتے ہوئے احتجاج کیا ہے۔ یہ الاؤنس ایک دعوتِ طعام کے سلسلے میں دیا جا رہا تھا، جس کے ساتھ 5,600 روپے کا چیک بھی شامل تھا۔

قومی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا، “یہ رقم ٹول ٹیکس کے لیے بھی کافی نہیں ہے۔” ان کے اس بیان نے کھلاڑیوں کے احساسِ محرومی کو نمایاں کر دیا ہے۔

ابتدا میں عماد بٹ نے تقریب میں شرکت سے انکار کر دیا تھا، تاہم کوچ طاہر زمان کی مداخلت اور قائل کرنے پر وہ آخرکار دعوت میں شرکت کے لیے راضی ہو گئے۔

تقریب میں شرکت کے لیے قومی ہاکی ٹیم کے چھ کھلاڑیوں کو بلایا گیا ہے، جن میں سفیان خان، رانا وحید، عبداللہ منیب الرحمن، اور حنان شاہد شامل ہیں۔ اس کے علاوہ دیگر کھیلوں کے نمایاں کھلاڑی جیسے ارشد ندیم اور نوح دستگیر بٹ کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

یہ واقعہ ایک بار پھر پاکستان میں کھلاڑیوں، خاص طور پر ہاکی جیسے ماضی کے سنہرے کھیل، کو ملنے والی ناکافی مالی معاونت اور سرپرستی پر سوال اٹھا رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version