تجارت
پاکستان کا ہمالیائی گلابی نمک عالمی ایوارڈ یافتہ برازیلی صابن میں نمایاں
پاکستان کے شہرت یافتہ ہمالیائی گلابی نمک نے ایک برازیلی صابن میں نمایاں استعمال کے بعد نئی بین الاقوامی شناخت حاصل کر لی ہے۔ یہ صابن، جو برانڈ کے تحت تیار کیا گیا، بیلجیم میں منعقدہ “ویمن ان ایگری ٹیک – گلوبل سمٹ آف ویمن ان ایگری بزنس اینڈ بایوٹیکنالوجی” میں گلوبل انوویشن ایوارڈ کا حقدار ٹھہرا۔
یہ انوکھا صابن امازونی حیاتی تنوع کو پاکستان کے ہمالیائی گلابی نمک کے ساتھ ملا کر تیار کیا گیا، جسے پائیدار پیداوار اور قدرتی وسائل کے منفرد امتزاج کی بنا پر عالمی پذیرائی ملی۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے اس کامیابی کو پاکستان کی تجارتی ساکھ کے لیے ایک سنگ میل قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمالیائی گلابی نمک ہماری ثقافتی وراثت اور معاشی صلاحیت کی علامت ہے، اور اس کی موجودگی عالمی ایوارڈ یافتہ پروڈکٹ میں پاکستان کے وسائل کی عالمی جدت میں اہم کردار کی غمازی کرتی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ کامیابی پاکستان کی پوزیشن کو عالمی مارکیٹس میں مزید مضبوط کرتی ہے، خاص طور پر صحت، خوبصورتی اور ویلنَس انڈسٹریز میں۔ ہمالیائی گلابی نمک اپنی قدرتی اور معدنی خوبیوں کی بنا پر دنیا بھر میں تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔