اہم خبریں
وفاقی وزیر مذہبی امور کا اعلان: 1500 ویں ولادت باسعادت کی تقریبات اور سود کے خاتمے کا عزم
وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 1447 ہجری کو 1500 ویں ولادت باسعادت کے طور پر منایا جائے گا اور یکم تا 12 ربیع الاول عشرہ رحمت للعالمین کے تحت ملک گیر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے کا سب سے اہم حصہ 50 ویں سیرت النبی ﷺ کانفرنس ہوگی جس میں ملکی و غیر ملکی شخصیات شریک ہوں گی۔ چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی سیرت کانفرنسز منعقد کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ 11 ربیع الاول کی شب خصوصی محفل نعت بھی ہوگی۔
سردار یوسف نے کہا کہ ان تقریبات کا مقصد امن، محبت اور رواداری کا پیغام دینا اور سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کو اجاگر کرنا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ بھرپور شرکت کریں اور سیلاب زدگان و نادار افراد کی مدد کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام میں سود کی کوئی گنجائش نہیں، حکومت ملک کو سود سے پاک کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ 26 ویں آئینی ترمیم میں یقین دہانی کرائی گئی کہ 2028 تک سودی نظام کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ کئی بینک اپنے نظام کو اسلامی خطوط پر منتقل کر رہے ہیں اور وزارت مذہبی امور بھی اس مقصد کے لیے سرگرم ہے۔