سیاست
وزیر اعلیٰ مریم نواز کے امن و امان اور عوامی تحفظ کیلئے سخت اقدامات کے احکامات
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے سخت اقدامات کے احکامات جاری کیے ہیں۔ ملتان ڈویژن میں منعقدہ اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ کو انتظامی امور اور صفائی مہم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملتان ڈویژن کی 14 تحصیلوں میں صفائی کے انتظامات کی آؤٹ سورسنگ مکمل کر لی گئی ہے جبکہ چھ مزید تحصیلوں میں پراسیس جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ستھرا پنجاب مہم میں بہترین کارکردگی پر کمشنر اور ڈپٹی کمشنر ملتان کو سراہا۔
وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ ڈپٹی کمشنرز دیہی علاقوں میں جا کر صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیں اور کتے کے کاٹنے کے واقعات پر قابو پانے کے لیے اقدامات کریں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ملتان میں ڈینگی کیسز میں نمایاں کمی ہوئی ہے اور اینٹی سموگ مہم کے دوران 44 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور 229 اینٹوں کے بھٹے مسمار کیے گئے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے عوامی مسائل کے حل اور صاف ستھرے پنجاب کے لئے اپنی عزم کا اعادہ کیا۔