سیاست
وزیراعظم کا چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کا نوٹس، رپورٹ طلب
وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین سینیٹ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اور ڈپٹی اسپیکر کی تنخواہوں میں حالیہ بے تحاشہ اضافے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ان سے وضاحت طلب کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق، وزیراعظم نے اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ سے تفصیلی رپورٹ مانگی ہے، جس کی روشنی میں اس تنخواہ میں اضافے پر کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ کی تنخواہیں لاکھوں روپے تک پہنچ چکی ہیں، جب کہ حکومت نے نئے مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کے لیے صرف 10 فیصد تنخواہ اضافہ کیا ہے، جس پر مختلف حلقوں کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی تنخواہوں میں اس اضافے کو “معاشی فحاشی” قرار دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انہوں نے اس اقدام کی سخت مخالفت کی اور کہا کہ یہ فیصلہ عوامی مسائل سے بے حسی کا مظہر ہے۔
تنخواہوں میں اس بے انتہا اضافے پر سیاسی اور عوامی حلقوں میں غم و غصہ بڑھ رہا ہے۔