سیاست

وزیراعظم کا بڑا بیان, دہشتگرد تنظیمیں افغانستان سے آپریٹ کر رہی ہیں، افغان حکومت لگام دے

Published

on

لندن: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ افغانستان سے کالعدم تنظیمیں خصوصاً تحریک طالبان پاکستان  پاکستان پر حملے کر رہی ہیں، افغان حکومت ان دہشتگردوں کو لگام دے۔
یہ بات انہوں نے ایون فیلڈ لندن میں میاں نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ افغانستان ہمارا برادر اور ہمسایہ ملک ہے لیکن اب فیصلہ کابل حکومت کو کرنا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ پرامن ہمسایہ بننا چاہتی ہے یا تنازعات کو ہوا دینا چاہتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دوحہ معاہدے کے تحت افغان سرزمین دہشتگردی کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے تھی، لیکن یہ خلاف ورزیاں پاکستان کی سلامتی کے لیے خطرہ بن چکی ہیں۔

شہباز شریف نے بیلاروس کے کامیاب دورے کا بھی ذکر کیا، جہاں فوجی تعاون، زراعت، معدنیات اور افرادی قوت کے حوالے سے کئی معاہدے طے پائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ لاکھ پاکستانیوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے جبکہ بیلا روس کی زرعی مہارت سے بھی فائدہ اٹھایا جائے گا۔

انہوں نے رمضان ریلیف پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بیس ارب روپے کی امداد دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ اوورسیز کنونشن کے آغاز کو بھی تاریخی قدم قرار دیا۔

ادھر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف آج بھی پارٹی کو بھرپور طریقے سے چلا رہے ہیں، تمام فیصلے انہی کی رہنمائی میں ہو رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version