سیاست

مودی کے دن گنے جا چکے ہیں، وزیر دفاع خواجہ آصف کا بیان

Published

on

وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی کا سیاسی دور اختتام کے قریب ہے اور بھارتی عوام ہی ان کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی پر کھل کر اظہار خیال کیا اور پاکستان کا مؤقف واضح کیا۔

انہوں نے کہا: “مودی کے دن گنے جا چکے ہیں، بھارتی پارلیمنٹ اور عالمی سطح پر ان پر تنقید بڑھ رہی ہے۔ وہ اپنے حالیہ خطاب میں صورتحال کو کمزور دکھانے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن یہ مسئلہ اب اتنا سنگین ہو چکا ہے کہ فوری طور پر حل نہیں ہو سکتا۔”

خواجہ آصف نے دہشتگردی کے مسئلے کو مذاکرات میں اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پچھلے 25 سال سے دہشتگردی کا سب سے زیادہ شکار رہا ہے، جس میں بھارتی پالیسیوں کا بڑا ہاتھ ہے۔

انہوں نے کہا، “دنیا اب تسلیم کر چکی ہے کہ پاکستان دہشتگردی کا شکار رہا ہے، اور اب وقت آ گیا ہے کہ بھارت کے کردار پر عالمی سطح پر سوال اٹھائے جائیں۔”

کشمیر کے مسئلے پر انہوں نے واضح کیا کہ یہ ہمیشہ سے پاک-بھارت مذاکرات کا مرکزی نکتہ رہا ہے اور اس کے حل کے لیے بامعنی بات چیت ناگزیر ہے۔

انہوں نے انڈس واٹر ٹریٹی کے حوالے سے کہا کہ بھارت اسے تنازعہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے، حالانکہ یہ ایک قانونی معاہدہ ہے جسے یکطرفہ طور پر ختم نہیں کیا جا سکتا۔

آخر میں انہوں نے بھارت پر عالمی سطح پر دہشتگردی کا اسپانسر ہونے کا الزام عائد کیا، اور امریکہ، کینیڈا اور دیگر ممالک میں بھارتی کردار کی مثالیں دیں۔

“ہم 25 سال سے مشرقی اور مغربی محاذ پر لڑ رہے ہیں، اور اب وقت آ گیا ہے کہ بھارت کا چہرہ دنیا کے سامنے لایا جائے،” خواجہ آصف نے اپنے بیان میں کہا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version