سیاست
محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا کی سرکاری گاڑیوں کی چھان بین شروع
صوبائی محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا نے اپنے اور ذیلی اداروں کے زیر استعمال تمام گاڑیوں کی مکمل چھان بین شروع کر دی ہے۔ وزیر تعلیم کی ہدایت پر سیکرٹری ایجوکیشن کو کہا گیا ہے کہ جن اہلکاروں کو گاڑیاں الاٹ کی گئی ہیں، ان کی مکمل تفصیلات بمع مدت فراہم کی جائیں۔
جن افسران کو گاڑی استعمال کرنے کی مجاز حیثیت حاصل نہیں، ان سے گاڑیاں فوری طور پر واپس لی جائیں گی۔ محکمہ تعلیم کے زیر استعمال گاڑیوں کی مرمت اور ایندھن کے اخراجات کی تفصیلات بھی طلب کرلی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق محکمہ تعلیم کی گاڑیوں کی ڈیجیٹل ریکارڈنگ کا عمل بھی شروع کیا جا چکا ہے اور کسی بھی قسم کی غلط بیانی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔ دوسرے محکموں یا تبادلہ شدہ افسران کے زیر استعمال گاڑیاں بھی فوراً واپس لینے کے احکامات جاری ہو چکے ہیں۔