کھیل
محسن نقوی کرکٹ میں ناکام، تین سال میں کوئی بہتر فیصلہ نہیں ہوا: محمد حفیظ
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ محسن نقوی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پچھلے تین برسوں میں کرکٹ کے حوالے سے کوئی بہتر فیصلہ سامنے نہیں آیا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ’’جب سے محسن نقوی آئے ہیں، کوئی ایسا فیصلہ نہیں کیا گیا جس سے کرکٹ کے معیار میں بہتری آئے۔ تین سال سے جو کرکٹ ہو رہی ہے وہ انٹرنیشنل معیار کے مطابق نہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ قومی ٹیم بڑی ٹیموں کے مقابلے میں مس میچ لگتی ہے، اور حیران کن طور پر مخالف ٹیمیں بی یا سی ٹیم بھیجتی ہیں تب بھی پاکستان ہار جاتا ہے۔
اسی موقع پر وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے ایشیاء کپ تنازع میں محسن نقوی کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ “ہماری اخلاقی برتری رہی، ہم نے سپورٹس مین شپ دکھائی۔” تاہم سینئر اسپورٹس صحافی مرزا اقبال بیگ نے حکومتی موقف پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر معذرت قبول کرنی تھی تو تین دن پہلے کر لیتے، قوم کو مخمصے میں کیوں رکھا گیا؟