کھیل
راولپنڈی میں ڈینگی کی صورتحال تشویشناک، مریض 570 ہوگئے، لاکھوں گھروں سے لاروا برآمد
ضلع راولپنڈی میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 570 ہوگئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں سرکاری اسپتالوں میں 25 اور پرائیویٹ اسپتالوں میں 52 مریض رپورٹ ہوئے، جبکہ پرائیویٹ اسپتالوں میں مریضوں کی مجموعی تعداد 550 تک جا پہنچی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق ضلع بھر میں 1499 ٹیمیں ڈینگی کنٹرول کے لیے سرگرم ہیں۔ ناقص رپورٹنگ اور غیر حاضری پر 132 ورکرز برطرف کر دیے گئے۔
اب تک 52 لاکھ گھروں کی چیکنگ میں 149878 گھروں سے لاروا ملا جبکہ 13 لاکھ سے زائد ہاٹ سپاٹس میں 19917 مقامات سے بھی لاروا برآمد ہوا۔ اس دوران 4154 مقدمات درج، 1759 پراپرٹی سیل، 3374 چالان اور 1 کروڑ 35 لاکھ روپے جرمانے عائد کیے گئے۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ 15 نومبر تک ڈینگی کے پھیلاؤ کا عروج ہوگا، جس کے باعث اسپتالوں میں ڈینگی بیڈز کی تعداد بھی بڑھا دی گئی ہے۔