سیاست
اورکزئی: 42 پولیس اہلکار ڈیوٹی سے انکار پر معطل، انکوائری کا حکم
خیبر پختونخوا کے ضلع اورکزئی میں پولیس ڈیوٹی کے نظم و ضبط کی سنگین خلاف ورزی سامنے آئی ہے۔ پولیس اعلامیے کے مطابق چیک پوسٹ پر تعیناتی کے احکامات کے باوجود 42 اہلکار ڈیوٹی پر حاضر نہ ہوئے، جس کے نتیجے میں تمام اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
معطل کیے گئے اہلکاروں میں 4 ایکٹنگ سب انسپکٹر، 3 اسسٹنٹ سب انسپکٹر، 2 حوالدار اور 33 فیلڈ کانسٹیبلز شامل ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کی تحقیقات کے لیے ایس پی انوسٹی گیشن کی سربراہی میں ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جو اہلکاروں سے تحریری وضاحت طلب کرے گی۔
یہ واقعہ نہ صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ساکھ پر سوالات اٹھاتا ہے بلکہ ریاستی عملداری پر بھی ایک چیلنج کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔