ٹیکنالوجی

امریکا پاکستان کے آئی ٹی، توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گا، شہباز شریف

Published

on

وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کو پاک-امریکا تعلقات میں سنگ میل قرار دیا ہے، اور کہا ہے کہ امریکا پاکستان کے آئی ٹی، زراعت، توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گا۔ نیو جرسی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ امریکی کمپنیوں کو فوری سرمایہ کاری کی ہدایت دی گئی ہے اور معدنیات کی قیمتوں کا تعین دونوں ممالک کے درمیان منصفانہ بنیادوں پر ہوگا۔

شہباز شریف نے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی حکمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے بھارت کے ساتھ بڑے تصادم کو ٹالا، اور امریکا کے کردار کو بھی تسلیم کیا جس نے سیزفائر میں اہم کردار ادا کیا۔ وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ایک گھنٹہ بیس منٹ طویل ملاقات میں نائب صدر جے ڈی وینس اور سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو بھی شریک تھے، جہاں خطے کی سلامتی، دہشت گردی کے خلاف تعاون، انٹیلی جنس شیئرنگ اور تجارت پر بات چیت ہوئی۔

وزیراعظم نے ٹرمپ کو پاکستان آنے کی دعوت دی اور کہا کہ اُن کی “بہادر اور فیصلہ کن قیادت” نے جنوبی ایشیا کو ایک بڑے سانحے سے بچایا۔ اس سے قبل شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات میں مسئلہ کشمیر اور ماحولیاتی بحران پر بات کی، جبکہ چینی وزیراعظم لی کیانگ سے غیر رسمی ملاقات میں پاک-چین تعاون پر زور دیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version