سیاست
کراچی میں جشنِ آزادی پر ہوائی فائرنگ سے 3 جاں بحق، 84 زخمی
کراچی کے مختلف علاقوں میں جشنِ آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ نے خوشیوں کو غم میں بدل دیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور 84 زخمی ہو گئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق آٹھ سالہ مرہا، جو پہلی جماعت کی طالبہ تھی، کھڑکی کے قریب کھڑی تھی کہ ایک گولی اس کے سر میں جا لگی اور وہ موقع پر جاں بحق ہو گئی۔ کورنگی اور لیاری کے آگرہ تاج علاقے میں فائرنگ کے دیگر واقعات میں دو افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
زخمیوں کو عباسی شہید، سول اور جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 57 ملزمان کو گرفتار اور اتنے ہی ہتھیار برآمد کیے۔ سندھ پولیس کے آئی جی غلام نبی میمن نے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ جشنِ آزادی پر ہوائی فائرنگ سے گریز کیا جائے۔