سیاست
پنجاب ہوم ڈیپارٹمنٹ میں 55 کروڑ سے زائد کے خفیہ فنڈز میں سنگین بے ضابطگیاں سامنے آ گئیں
آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی سال 2024-25 کی آڈٹ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ پنجاب ہوم ڈیپارٹمنٹ کے خفیہ فنڈز کے استعمال میں سنگین بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں، جن کی مالیت 550 ملین روپے سے زائد ہے۔
رپورٹ کے مطابق محکمے نے ان فنڈز کے استعمال کا کوئی ریکارڈ فراہم نہیں کیا، جس سے مالی شفافیت پر سنگین سوالات اٹھتے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ سب سے زیادہ 404.2 ملین روپے کی بے ضابطگیاں پنجاب کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے ایڈیشنل آئی جی کے اکاؤنٹس میں پائی گئیں۔
اسی طرح 99.5 ملین روپے کی مشکوک ادائیگیاں ہوم ڈیپارٹمنٹ کے سیکرٹری کے اکاؤنٹس میں ظاہر ہوئیں، جس سے اعلیٰ سطح پر مالی بدانتظامی کا انکشاف ہوتا ہے۔
اس کے علاوہ پنجاب بھر کے مختلف ڈی پی اوز، ایڈیشنل آئی جی، اور سی ٹی ڈی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس کے اکاؤنٹس میں بھی مشکوک مالی لین دین کی نشاندہی کی گئی۔
متاثرہ اضلاع میں سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین، اوکاڑہ، حافظ آباد، ساہیوال اور گجرات شامل ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ متعلقہ محکموں نے بارہا مطالبے کے باوجود خفیہ فنڈز کے استعمال سے متعلق آڈٹ کارڈز یا معاون دستاویزات فراہم نہیں کیں۔