تجارت
پاکستان کے بڑے ایئرپورٹس پر ای-گیٹس کی تنصیب کا منصوبہ، جرمن کمپنی کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا
پاکستان میں ہوابازی کے شعبے میں ایک انقلابی قدم کے طور پر، اسلام آباد، لاہور اور کراچی ایئرپورٹس پر جدید ای-گیٹس نصب کرنے کا منصوبہ حتمی مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔
اس منصوبے کے تحت بین الاقوامی مسافروں کے لیے امیگریشن کے عمل کو تیز، مؤثر اور محفوظ بنانے کے لیے جرمن کمپنی M2P تکنیکی معاونت فراہم کرے گی۔ کمپنی کے منیجنگ پارٹنر کرسٹوفر موسٹرٹ اور ڈائریکٹر آف انجینئرنگ سروسز کاشف شاہ جیلانی نے کراچی میں پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں منصوبے کی تفصیلات طے کی گئیں۔
اس اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (ایئرپورٹس) صادق الرحمان نے کی، جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (ورکس اینڈ ڈیولپمنٹ) سمیر سعید سمیت دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔
معاہدے کے مطابق، M2P کمپنی فزیبلٹی اسٹڈی، پلاننگ، ڈیزائن اور ای-گیٹس کی تنصیب کے تمام مراحل میں معاونت فراہم کرے گی۔ اسلام آباد اور لاہور ایئرپورٹس کے لیے سروے مکمل ہو چکے ہیں جبکہ کراچی ایئرپورٹ پر آج سے سروے کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
ای-گیٹس کے نفاذ سے امیگریشن کے عمل میں شفافیت، سیکیورٹی میں بہتری، اور مسافروں کے لیے وقت کی بچت ممکن ہو سکے گی، جو ایک جدید اور ڈیجیٹل پاکستان کی جانب اہم پیش رفت ہے۔