سیاست
پاکستان کا بحری مستقبل روشن، جامع اصلاحات اور جدید کاری جاری، صدر زرداری
صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کا بحری مستقبل روشن ہے اور قومی عزم و بہترین حکمت عملی کے ذریعے ملک ایک مسابقتی اور عالمی سطح پر معتبر بحری قوم بن سکتا ہے۔
عالمی یومِ بحری تجارت پر اپنے پیغام میں صدر نے کہا کہ بحری شعبہ پاکستان کی تجارت، روابط اور معاشی استحکام کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جامع اصلاحات جاری ہیں جن میں بندرگاہوں کی اپ گریڈیشن، بنیادی ڈھانچے کی ترقی، جدید کاری، ڈیجیٹائزیشن اور استعداد کار میں اضافہ شامل ہے تاکہ پاکستان کے بحری نظام کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جا سکے۔
صدر نے مزید کہا کہ مختلف بحری پالیسیاں نظرِ ثانی کے مرحلے میں ہیں اور پاکستانی شپنگ کمپنیوں کے لیے خصوصی مراعات دی جا رہی ہیں تاکہ غیر ملکی کیریئرز پر انحصار کم ہو، فریٹ سیکیورٹی بڑھے اور قیمتی زرمبادلہ بچے۔
انہوں نے پاکستان سنگل ونڈو کے تحت پورٹ کمیونٹی سسٹم کے نفاذ کا بھی ذکر کیا جو مرحلہ وار ڈیجیٹائزیشن کے ذریعے پورے سپلائی چین کو جوڑ رہا ہے۔ کراچی اور پورٹ قاسم کو بھی اپ گریڈ کیا جا رہا ہے تاکہ وہ خطے کے تجارتی مراکز کے طور پر ابھریں۔
صدر زرداری نے کہا کہ یہ اقدامات پاکستان کے طویل مدتی مفادات کے تحفظ اور عالمی بحری برادری میں ذمہ دار کردار ادا کرنے کے لیے ہیں۔