سیاست
وزیراعظم شہباز شریف کا دہشتگردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا اعلان
وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دہشتگردی کے خلاف بھرپور اور فیصلہ کن کارروائی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد کبھی بھی پاکستان کو غیر مستحکم نہیں کر سکیں گے اور ان کا خاتمہ ہر حال میں کیا جائے گا۔
اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہی، اسی لیے وہ دہشتگردی کے ذریعے امن خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو سراہا اور ان کی بہادری کو قوم کا فخر قرار دیا۔
وزیراعظم نے وفاق اور صوبوں کے درمیان ہم آہنگی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی یکجہتی ہی دہشتگردی کے خلاف اصل ہتھیار ہے۔ انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے اپیل کی کہ ذاتی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر ملک کی سلامتی کے لیے متحد ہو جائیں۔
اسمگلنگ اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایسے جرائم میں ملوث افراد کو فوری انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے بڑے شہروں میں سیکیورٹی کے لیے سیف سٹی منصوبوں کی فوری تکمیل کا بھی حکم دیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ نیکٹا کے تحت نیشنل اینڈ پروونشل انٹیلیجنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسسمنٹ سینٹر قائم کر دیا گیا ہے، جبکہ اسلام آباد میں نئی فرانزک سائنس ایجنسی کام شروع کر چکی ہے اور پنجاب کی موجودہ ایجنسی کو مزید اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔
یہ اقدامات ملک میں امن و امان کے قیام اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کی جانب اہم پیش رفت ہیں۔