سیاست
غزہ میں شہداء کی تعداد 44 ہزار سے تجاوز کر گئی
غزہ کے محکمۂ صحت نے الزام عائد کیا ہے کہ اسرائیلی افواج انسانی جسم تحلیل کرنے والے ممنوع ہتھیار استعمال کر رہی ہیں، جن سے لاشیں بخارات میں تبدیل ہو جاتی ہیں۔
شمالی غزہ کے علاقے بیت لاھیا میں بمباری کے نتیجے میں مزید 10 فلسطینی شہید ہو گئے، جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں شہداء کی تعداد 48 ہو گئی۔ 7 اکتوبر 2023ء سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 44,429 فلسطینی شہید اور 1,05,250 زخمی ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب، حماس اور الفتح کے درمیان قاہرہ میں رفح بارڈر کراسنگ دوبارہ کھولنے پر مذاکرات جاری ہیں۔ اس دوران اسرائیل نے شمال میں جبالیہ اور جنوب میں اباسین الکبیرہ پر حملے کیے۔
اقوامِ متحدہ کے ادارے انروا نے خراب حالات کی وجہ سے کریم ابوسالم کراسنگ سے امداد کی ترسیل روک دی ہے۔ رپورٹس کے مطابق، امدادی ٹرکوں پر حملہ کرنے والے گروہوں کو اسرائیل کی حمایت حاصل ہے۔
غزہ کے عوام عالمی برادری کی خاموشی پر سوال اٹھا رہے ہیں، جب کہ اسرائیلی جارحیت کے اختتام کا کوئی امکان نظر نہیں آ رہا۔