تجارت
خیبرپختونخوا میں کم از کم اجرت 40 ہزار مقرر، اطلاق یکم جولائی سے
خیبرپختونخوا حکومت نے مزدوروں کی اجرتوں کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے صوبے میں ماہانہ کم از کم اجرت 40 ہزار روپے مقرر کر دی ہے۔ جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلہ یکم جولائی 2025 سے نافذ العمل ہوگا اور اس کا اطلاق غیر ہنر مند، بالغ، نوعمر اور نو عمر مزدوروں پر بھی ہوگا۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مزدور کی یومیہ اجرت 1538 روپے 46 پیسے ہوگی جبکہ کم از کم اجرت کو زیادہ سے زیادہ اجرت نہ سمجھا جائے۔ مالکان ماہر اور تجربہ کار مزدوروں کو اضافی اجرت دینے کے مجاز ہوں گے۔ اسی طرح ٹکڑی یا کنٹریکٹ پر کام کرنے والے مزدوروں کو بھی کم از کم اجرت لازمی دینا ہوگی۔
ذرائع کے مطابق خواتین اور خواجہ سرا مزدوروں کو بھی مرد مزدوروں کے برابر اجرت دی جائے گی۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ تمام صنعتی اور تجارتی ادارے اس نئے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد کرنے کے پابند ہوں گے۔