صحت
خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں کے بعد ڈینگی کیسز میں تشویشناک اضافہ
خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں اور مابعد سیلابی صورتحال کے باعث ڈینگی کیسز میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں ڈینگی بخار کے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد محکمہ صحت کی جانب سے ڈینگی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ضلع مردان کے علاقے بغدادہ میں ایک ہی گھر کے آٹھ افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے ہیں جس کے بعد مقامی انتظامیہ اور محکمہ صحت نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ بارشوں کے بعد کھڑے پانی اور مچھروں کی افزائش ڈینگی پھیلنے کی بڑی وجہ ہے۔
صحت کے ماہرین نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ گھروں اور گلی محلوں میں پانی جمع نہ ہونے دیں، مچھردانیاں اور اسپرے کا استعمال کریں اور کسی بھی مشتبہ علامات کی صورت میں فوری طبی معائنہ کروائیں۔