سیاست
بلوچستان ہمارے ماتھے کا جھومر ہے، جنرل عاصم منیر
اسلام آباد: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی، سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ مٹھی بھر دہشت گرد پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ نہیں کرسکتے اور نہ ہی دہشت گردوں کی دس نسلیں بلوچستان یا پاکستان کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
انہوں نے بلوچستان کو پاکستان کا “ماتھے کا جھومر” قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو بھی پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالے گا، ہم سب مل کر اس رکاوٹ کو ہٹا دیں گے۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی برین ڈرین نہیں بلکہ “برین گین” ہیں۔ آپ صرف سفیر نہیں بلکہ وہ روشنی ہیں جو اقوامِ عالم کو روشن کرتے ہیں۔
انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو لازوال قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔ جو پاکستان کے اداروں میں بغاوت کو ہوا دیتا ہے وہ پاکستان کا دشمن ہے۔
خطاب میں انہوں نے کشمیر، غزہ، سوشل میڈیا کے غیر ذمہ دارانہ استعمال، اور دو قومی نظریے پر بھی کھل کر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کبھی مایوس نہیں ہونا، پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔