فن و ثقافت
پاکستان کی بلوچ بیٹی، شاہدہ عباسی
وہ قصبہ جو دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ کی وجہ سے خبروں میں تھا، اب کھیلوں میں اس کی کامیابیوں کی وجہ سے جشن منایا جا رہا ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ میں اپنے ملک، اپنے شہر، اپنے قصبے اور اپنے والدین کے لیے فخر کا باعث ہوں”
یہ کہنا تھا پاکستان کی بلوچ بیٹی شاہدہ عباسی کا۔ لیکن بدقسمتی سے بلوچستان کا یہ مثبت چہرہ شرپسند عناصر کے پروپیگنڈا کی بھینٹ چڑھ گیا۔
سیانے کہتے ہیں کہ تصویر کے ہمیشہ دو رخ ہوتے ہیں۔ ایسا ہی کچھ بلوچستان کے ساتھ بھی ہوتا آیا ہے۔ بلوچستان کو ہمیشہ سے ایک پسماندہ علاقے اور خشک آب و ہوا رکھنے والا مقام تصور کیا جاتا رہا ہے جبکہ حقیقت اسکے برعکس ہے۔ حقیقی تصویر کو مسخ کر کے پیش کرنے والے کسی طور پاکستان اور بلوچستان کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔
بلوچستان کا ایک حقیقی اور مثبت چہرہ یہ بھی ہے کہ یہاں کی خواتین ملکی و عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرتی آئی ہیں۔ ان خواتین میں بلوچ بیٹی شاہدہ عباسی کا نام بھی شامل ہے جنھوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا۔
2004 سے کراٹے کی تربیت شروع کرنے والی شاہدہ عباسی ابتدائی طور پر اپنے آبائی صوبہ بلوچستان کی نمائندگی کرتی تھیں۔ 2010 میں پشاور میں منعقدہ 31 ویں نیشنل گیمز میں بلوچستان کی نمائندگی کرتے ہوئے انھوں نے اپنی ٹیم کے ساتھیوں کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا۔ لاہور کے نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس جمنازیم ہال میں منعقدہ 13 ویں نیشنل کراٹے چیمپیئن شپ میں شاہدہ عباسی نے طلائی تمغہ اپنے نام کیا ۔
کامیابیوں کا یہ سلسلہ تھما نہیں بلکہ قومی سطح سے عالمی سطح تک وسعت پا گیا جب 2016 میں نئی دہلی ہندوستان میں منعقدہ تیسری جنوبی ایشین کراٹے چیمپین شپ میں شاہدہ عباسی نے کانسی کے تین تمغے اپنے نام کیے۔ 2017 میں کولمبو، سری لنکا میں منعقدہ چوتھی ساؤتھ ایشین کراٹے چیمپیئن شپ میں شاہدہ عباسی نے کانسی کے چار تمغے جیتے۔ دسمبر 2019 میں نیپال کے شہر کھٹمنڈو میں منعقدہ ساؤتھ ایشین گیمز میں شاہدہ عباسی نے انفرادی کاٹا ایونٹ میں 42 پوائنٹس کے ساتھ طلائی تمغا جیتا جو ان گیمز میں پاکستان کا پہلا طلائی تمغہ تھا۔۔
اسی طرح نومبر 2019 میں پشاور میں منعقدہ نیشنل گیمز میں انفرادی و اجتماعی طور پر 2 طلائی تمغے جیتے۔
قوم کی بیٹی کی یہ کامیابیاں یقینی طور پر ملک دشمن عناصر کے پروپیگنڈہ پر کاری ضرب ہیں۔ بلوچستان کی بیٹیاں تعلیم، صحت، ادب اور کھیل کے میدانوں میں اپنا لوہا منوا رہی ہیں جو یقیناً پاکستان کی ترقی میں مددگار ثابت ہو گا۔