سیاست
فلسطینی اتھارٹی نے ٹونی بلیئر کو غزہ کی تعمیرِ نو میں کردار ادا کرنے کی منظوری دے دی
برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق فلسطینی اتھارٹی نے سابق برطانوی وزیرِاعظم ٹونی بلیئر کو غزہ کی تعمیرِ نو میں کردار ادا کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
یہ فیصلہ اردن کے دارالحکومت عمان میں فلسطینی اتھارٹی کے نائب صدر حسین الشیخ اور ٹونی بلیئر کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد سامنے آیا۔ ملاقات میں جنگ بندی، قیدیوں کی رہائی، امداد کی ترسیل اور جنگ کے بعد کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
حسین الشیخ نے اپنے بیان میں کہا، “ہم صدر ٹرمپ، ٹونی بلیئر اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر خطے میں پائیدار امن اور تعمیرِ نو کے لیے کام کرنے کو تیار ہیں۔”
دوسری جانب حماس نے ٹونی بلیئر کے ممکنہ کردار کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی غیر ملکی ادارے یا شخصیت کو فلسطین کی سرپرستی کا اختیار نہیں دیا جا سکتا۔ ان کے مطابق بلیئر کا کردار فلسطینی خودمختاری کے منافی ہے۔
فلسطینی حکام نے مزید کہا کہ اسرائیل کی جانب سے روکے گئے ٹیکس ریونیو کی واپسی نہایت ضروری ہے کیونکہ اس کی وجہ سے فلسطینی اتھارٹی شدید مالی دباؤ میں ہے۔
اسی دوران، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کہا کہ یہ ابھی واضح نہیں کہ عالمی رہنما ٹونی بلیئر کے اس کردار کے کتنے حامی ہیں۔
