فن و ثقافت
شاہ رخ خان 92 کروڑ روپے کے ٹیکس کے ساتھ بھارت میں سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے اداکار بن گئے
فورچون انڈیا کی رپورٹ کے مطابق 2023-24 کے دوران سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والی شخصیات میں بالی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان پہلے نمبر پر ہیں، جنہوں نے 92 کروڑ روپے کا ٹیکس ادا کیا۔ شاہ رخ خان کی فلم پٹھان کی شاندار کامیابی اور دیگر فلموں کی مجموعی کمائی نے ان کی آمدنی میں اضافہ کیا، جس کے نتیجے میں انہوں نے یہ اعزاز حاصل کیا۔
اس فہرست میں دوسرے نمبر پر تامل انڈسٹری کے مشہور اداکار وجے ہیں، جنہوں نے 80 کروڑ روپے کا ٹیکس ادا کیا۔ سلمان خان 75 کروڑ روپے کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فہرست میں کوئی بھارتی اداکارہ شامل نہیں ہے، تاہم کرینہ کپور کا نام ٹاپ ٹین کے بعد 20 کروڑ روپے کے ٹیکس کے ساتھ شامل ہے۔
شاہ رخ خان کی فلموں نے 2023 میں باکس آفس پر 2600 کروڑ روپے کا بزنس کیا، جو ان کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
یہ فہرست نہ صرف بالی وڈ کے ستاروں کی بے پناہ آمدنی کو اجاگر کرتی ہے بلکہ ان کے ملک کی معیشت میں اہم کردار کو بھی سامنے لاتی ہے۔