سیاست
جنوبی کوریا کی فوج میں 20 فیصد کمی، دفاعی صلاحیت پر سوالات
جنوبی کوریا کی فوج کی تعداد 2019 میں 5 لاکھ 63 ہزار سے کم ہو کر 2025 میں صرف 4 لاکھ 50 ہزار رہ گئی، جو 6 سال میں 20 فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہے۔
رکن پارلیمنٹ چو می ای کے دفتر سے جاری وزارتِ دفاع کی رپورٹ کے مطابق، یہ کمی دنیا کی کم ترین پیدائش کی شرح (0.75، سال 2024) کی وجہ سے ہے، جس نے لازمی فوجی خدمت کے لیے اہل 20 سالہ مردوں کی تعداد کو شدید متاثر کیا ہے۔ 2019 سے 2025 کے درمیان یہ تعداد 30 فیصد کم ہو کر 3 لاکھ 30 ہزار سے 2 لاکھ 30 ہزار رہ گئی۔
اس کمی نے فوجیوں اور افسران دونوں کی دستیابی کو متاثر کیا ہے، جس کے نتیجے میں فوج مطلوبہ تیاری کی سطح سے 50 ہزار اہلکار کم ہے، جن میں 21 ہزار نان کمیشنڈ افسران شامل ہیں۔
اگرچہ جنوبی کوریا کے پاس 61 کھرب وون (43.9 ارب ڈالر) سے زائد کا دفاعی بجٹ اور جدید ہتھیار ہیں، لیکن شمالی کوریا کے 12 لاکھ فعال فوجیوں کے مقابلے میں یہ افرادی قوت کا فرق مستقبل میں آپریشنل صلاحیت کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔
