تجارت
مالی سال 2025-26 کے چار ماہ میں بیرونی معاونت میں 33 فیصد اضافہ
اقتصادی امور ڈویژن کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کو مالی سال 2025-26 کے پہلے چار ماہ (جولائی تا اکتوبر) کے دوران بیرونی ذرائع سے مجموعی طور پر 2 ارب 29 کروڑ ڈالر موصول ہوئے۔ ان رقوم میں 2 ارب 24 کروڑ ڈالر قرض جبکہ 5 کروڑ ڈالر گرانٹ کی صورت میں حاصل ہوئے۔
یہ معاونت پاکستانی روپے میں 649 ارب 47 کروڑ کے برابر بنتی ہے، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 33 فیصد زیادہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق نان پراجیکٹ ایڈ کی مد میں ایک ارب 51 کروڑ ڈالر ملے جبکہ مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے 77 کروڑ 32 لاکھ ڈالر موصول ہوئے۔
عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے ایک ارب 10 کروڑ ڈالر فراہم کیے گئے، جن میں عالمی بینک کے 30 کروڑ 40 لاکھ ڈالر اور اسلامی ترقیاتی بینک کا 36 کروڑ ڈالر کا شارٹ ٹرم لون شامل ہے۔ اس کے علاوہ نیا پاکستان سرٹیفکیٹ میں 73 کروڑ 47 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری سامنے آئی۔
مختلف ممالک نے پاکستان کو مجموعی طور پر 45 کروڑ ڈالر فراہم کیے، جن میں سعودی عرب کی 40 کروڑ ڈالر کی آئل فیسیلٹی بھی شامل ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے 16 کروڑ 74 لاکھ ڈالر، چین نے 97 لاکھ ڈالر جبکہ امریکا نے ڈھائی لاکھ ڈالر کی گرانٹ دی۔
اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق پورے مالی سال میں مجموعی طور پر 19 ارب 92 کروڑ ڈالر کی بیرونی معاونت ملنے کا تخمینہ ہے۔
